اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سال کی بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے بچی کے گرنے کو ماں کی غلطی قرار دے دیا۔
گزشتہ روز عنایہ اکبر لیول تھری سے لیول ون پر گری۔ بچی کو تشویشناک حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، بچی کے سر پر چوٹ آئی جو خاصی شدید تھی اور وہی اس کی موت کا سبب بنی۔ ان کے مطابق بچی اسلام آباد کی ہی رہائشی تھی۔
ایئرپورٹ پر لیول تھری پر سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہیں تاہم بچی کی لیول ٹو سے ون پر گرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے بچی کے گرنے کو ماں کی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق بچی اپنی ماں کے ہاتھوں سے نیچے گری تھی۔