کابینہ اجلاس آج ، مریم نواز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل

اسلام آباد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا جس میں مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا،اجلاس میں وزرا، مشیران اور معاونین خاص شرکت کریں گے جس کیلئے 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ مریم نواز کے نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر فیصلہ کرے گی۔ ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، ادویات کی قیمت فروخت کے تعین کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔فیڈرل لینڈ کمیشن کے سینئر ممبر کی تعیناتی، فرسٹ ویمن بینک اور ایگزیم بینک کے سی ای اوز کی تعیناتی، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن اور اراکین کی تقرری کے متعلق بھی فیصلہ متوقع ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی، بورڈ کی تشکیل نو اور قانون میں ترمیم کا معاملہ بھی ایجنڈے میں رکھا گیا ہے۔کابینہ اجلاس میں لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے عوام کیلئے بی آئی ایس پی کے تحت خصوصی ریلیف گرانٹ کی منظوری بھی متوقع ہے۔کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جی ایم آپریشنز کی پاک بحریہ سے ڈیپوٹیشن کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ نیشنل پاور پارک مینجمنٹ آف کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *